اردو

urdu

ETV Bharat / sports

Wrestlers Protest پی ٹی اوشا کے بیان سے ریسلرز ناراض - بھارتی پہلوان دھرنے پر

دہلی کے جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ کے خلاف بھارتی پہلوان دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ وہیں بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا نے کہا کہ پہلوانوں کا دوبارہ احتجاج 'ملک کی شبیہ' کو خراب کر رہا ہے۔ PT Usha's statement on Wrestlers Protest

پی ٹی اوشا کے بیان سے ریسلرز ناراض
پی ٹی اوشا کے بیان سے ریسلرز ناراض

By

Published : Apr 28, 2023, 8:02 AM IST

نئی دہلی:بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کی صدر پی ٹی اوشا نے ایک بیان میں کہا کہ 'پہلوانوں کا دوبارہ احتجاج کرنا یہ 'ملک کی شبیہ' کو خراب کر رہا ہے۔ ان کے اس بیان پر احتجاج پر بیٹھے سرکردہ بھارتی پہلوانوں نے حیرت کا اظہار کیا۔ پہلوان بجرنگ پونیا نے جنتر منتر پر احتجاج کے چوتھے دن نامہ نگاروں سے کہا ’’ہمیں پی ٹی اوشا جی سے یہ امید نہیں تھی، ہم نے سوچا کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ وہ خود ایک خاتون ہیں، اس لیے ہمیں امید تھی کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑی ہوں گی۔ مجھے ان کے الفاظ سے دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ٹویٹ کیا کہ کچھ شرپسند ان کی اکیڈمی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیا اس وقت ملک کی شبیہ خراب نہیں ہو رہی تھی؟‘‘

ٹوکیو اولمپک میں تمغہ جیتنے والے پونیا نے کہا’’وہ بھی ایک بین الاقوامی ایتھلیٹ سےجڑا معاملہ تھا۔ ہمیں بھی اس واقعے کے بارے میں سن کر دکھ ہوا تھا۔ وہ اتنی بڑی ایتھلیٹ ہیں اور اب راجیہ سبھا کی رکن بھی ہیں، لیکن پھر بھی ان کے ساتھ ایسا ہورہا ہے۔ اگر یہ سب ایک ایم پی کے ساتھ ہو سکتا ہے تو ہم اب بھی عام کھلاڑی ہیں، ہمارے پاس کیا طاقت ہے؟ ہمارے ساتھ کچھ بھی ہو سکتا ہے، انہیں یہ سوچنا چاہیے تھا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب کھلاڑیوں کو انصاف نہیں ملے گا تو وہ کیا کریں گے؟ وہ خود بتا سکتی ہیں کہ کس کے دباؤ میں انھوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی کے بارے میں ایسا کہا‘‘۔

تین بار کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ نے بھی سابق ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ اوشا کے تبصروں پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھلاڑیوں سے مل کر ان سے بات کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا ’’جب ملک کے اولمپک میڈلسٹ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی اوشا میم کو ہمارے پاس آنا چاہیے تھا۔ انہیں پوچھنا چاہیے تھا کہ ہم کیوں آنسو بہا رہے ہیں۔ ایک جمہوری ملک کے شہری ہونے کے ناطے یہ ہمارا حق ہے۔ بطور شہری احتجاج کریں جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہم یہیں رہیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ پونیا، ونیش اور ساکشی ملک جیسے معروف پہلوان اتوار سے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج پر بیٹھے ہیں۔ پہلوانوں نے مسٹر سنگھ پر جنسی استحصال جیسے کئی سنگین الزامات لگائے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ اتر پردیش کے باہوبلی لیڈر کو صدر کے عہدے سے ہٹایا جائے اور الزامات کی جانچ ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: Wrestler Protest بی جے پی برج بھوشن سنگھ کو بچا رہی ہے، عآپ

ونیش نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے اور انہیں قانون پر پورا بھروسہ ہے۔ ’’ہمیں صرف سپریم کورٹ پر بھروسہ ہے، ہم انصاف کے انتظار میں ہیں۔ جو بھی ہمیں انصاف دلائے گا، چاہے وہ اوشا ہوں یا کوئی اور، وہ ہمارے لیے بھگوان ہوگا۔ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے اس سے بات نہیں کی۔ میں نے ان سے ان کے ذاتی فون نمبر پر کال کی، کسی نے میری کال کا جواب نہیں دیا۔ وہ کھلاڑیوں کے جذبات کا احترام نہیں کرتی، اگر وہ عزت چاہتی ہے تو انہیں اس کا احترام کرنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی سڑک پر بیٹھ کر خوش نہیں ہوتا اور نہ ہی ہم یہاں بیٹھ کر چیمپئن بن رہے ہیں۔ کسی میں برج بھوشن کے خلاف بولنے کی ہمت نہیں ہے۔ کھلاڑیوں نے آگے آکر اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے لیے مستقبل مشکل ہونے جا رہا ہے، پوری حکومت اسے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details