نئی دہلی: گزشتہ 23 دنوں سے جنتر منتر پر دھرنے پر بیٹھے پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ ملک کے باقی حصوں میں احتجاج کریں گے۔ اس دوران ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ اب ایسا لگتا ہے کہ ہم صرف جنتر منتر تک محدود ہو گئے ہیں۔ اس لیے اب وہ دیگر مقامات پر بھی احتجاج کریں گے۔ پیر کو اس کا آغاز کناٹ پلیس سے پہلوانوں نے کیا۔
ونیش نے ایک بار پھر دہرایا کہ ہم نے 21 مئی کی آخری تاریخ طے کی ہے۔ اگر اس وقت تک کوئی کارروائی نہ ہوئی تو اس کے بعد بڑا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ان کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب تک ملک بھر سے جس طرح کی حمایت ملی ہے اس کے لیے ہم ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملک بھر کی کسان تنظیموں، خواتین کی تنظیموں، سماجی تنظیموں نے جس طرح انصاف دلانے کے لیے ہمارا ساتھ دیا ہے اس کی ہمیں توقع بھی نہیں تھی۔ لوگوں کی حمایت سے ہمارا جوش بڑھا ہے اور ہم یہ جنگ اپنے لیے نہیں بلکہ آنے والی بیٹیوں کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔'