بشکیک: ٹوکیو اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا اتوار کو گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے بشکیک رینکنگ سیریز سے دستبردار ہو گئے۔ یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے ایک بیان میں کہاکہ "ہندوستانی کوچنگ اسٹاف کے مطابق روی کو بشکیک میں تربیت کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگی تھی۔" ہندوستانی ریسلر 10 ماہ قبل برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے دوران میٹ پر اترے تھے جہاں انہوں نے 57 کلو گرام فری اسٹائل میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ وہ اس بار اپنے ہم وطن پنکج اور امان سہراوت کے ساتھ 61 کلوگرام میں مقابلہ کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، پنکج نے جارجیا کے گیورگی گونییشولی کو 8-2 سے ہرا کر سہراوت کے ساتھ کوارٹر فائنل کے مقابلہ میں جگہ بنائی۔ ملائم یادو (70 کلوگرام) نے بھی قازقستان کے دوشزان اسیتوف کو 9-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ہندوستان نے اس مقابلے میں اب تک چار تمغے جیتے ہیں۔ خواتین پہلوانوں نے ہفتہ کو تین تمغے جیتے، جبکہ ایک تمغہ منجیت نے گریکو رومن میں جیتا تھا۔ روی دہیا جنوری 2023 کے سابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کا ایک اہم حصہ تھے۔ تاہم انہوں نے اپریل میں دوبارہ شروع ہونے والے احتجاج پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔