نئی دہلی:خواتین کشتی میں ایک مشہور نام اور تمغہ جیتنے والی گیتا پھوگاٹ کو بدھ کے روز دہلی پولیس نے سنگھو باڈر سے حراست میں لے لیا ہے، اس کے بعد اسے بوانہ تھانے لے جایا گیا۔ گیتا پھوگاٹ اپنے شوہر کے ساتھ ہریانہ سے دہلی آرہی تھیں اسی درمیان دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے انہیں خدشہ تھا کہ گیتا احتجاج کرنے والے پہلوانوں کی حمایت کے لیے جنتر منتر جا رہی تھی اسی لیے انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔
وہیں دوسری جانب آج کسانوں نے جنتر منتر پہنچنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے باعث سنگھو باڈر پر صبح سے ہی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور پولیس گاڑیوں کی مسلسل چیکنگ کر رہی ہے۔ اسی دوران شام 4 بجے کے قریب گیتا پھوگاٹ کو ان کے شوہر کے ساتھ ہریانہ سے دہلی کی طرف آتے ہوئے حراست میں لے لیا گیا۔ جنتر منتر پر جس انداز میں کھلاڑیوں کا مظاہرہ مسلسل جاری ہے اور اس دوران یہ مظاہرہ کئی بار تصادم میں بھی بدل گیا ہے۔ احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ چھڑپ کے درمیان اب زیادہ سے زیادہ لوگ جنتر منتر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہیں دہلی پولیس اس کوشش میں ہے کہ کسان یا دیگر کھلاڑی جنتر منتر تک نہ پہنچ سکیں۔ اس کے تحت دہلی کی سرحد پر مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔