نئی دہلی: بھارت کی نوجوان اسٹار باکسر نیتو گھنگھاس نے تاریخ رقم کردی ہے۔ نیتو نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں ہفتہ کے روز کھیلے گئے ویمنز ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کا فائنل میچ جیت لیا ہے۔ 45-48 وزن کے زمرے میں کھیلتے ہوئے نیتو نے اس چمپئن شپ میں بھارت کو پہلا گولڈ میڈل ڈلایا ہے۔ نیتو گھانگھاس نے فائنل میچ میں منگولیا کی لوتسیخان اٹلانٹسیٹگ کو 5-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔
نیتو گھنگھاس پہلی بار عالمی چیمپئن بنی ہیں۔ نیتو نے فائنل میچ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے میچ کے آغاز سے ہی اپنے حریف منگولیا پر دباؤ بنائے رکھا اور یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے کامیابی حاصل کر کے طلائی تمغہ جیتا۔ بتا دیں کہ نیتو کافی عرصے سے اچھا پرفارم کر رہی تھیں۔ نیتو دنیا کی عظیم باکسر ایم سی میری کوم کو شکست دے کر توجہ کا مرکز بنیں۔ نیتو کو آئی بی اے خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل کی دعویدار بھی سمجھا جا رہا تھا۔