ممبئی:یو ٹی ٹی کی چھ ٹیمیں ڈرافٹ سسٹم کے تحت 40 کھلاڑیوں میں سے اپنی پسند کے چھ کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ نیلامی کے نظام کے برعکس ڈرافٹ میں تمام ٹیموں کو ایک ایک کر کے اپنے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ ڈرافٹ کے انعقاد میں یو ٹی ٹی کے شریک پروموٹر ویتا دانی، ٹیبل ٹینس فیڈریشن آف انڈیا کے سیکرٹری جنرل کملیش مہتا، فرنچائز کے مالک، اور ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی اچنتا شرت کمل، منیکا بترا، مانو ٹھاکر اور دیا چتلے نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ 40 کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں سے شرت کمال (چنئی لائنز)، ستیان گنااشیکھرن (دبنگ دہلی)، منیکا (بنگلور اسمیشرز) اور مانو (یو ممبا) سمیت چار کھلاڑیوں کو پہلی ٹیموں کے ذریعہ منتخب کرلیا گیا ہے۔ ہر ٹیم ایک مرد اور ایک خاتون سمیت دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کر سکے گی۔ اس کے علاوہ چار ہندوستانی کھلاڑیوں میں سے دو مرد اور دو خواتین ہوں گی۔ صرف گوا چیلنجرز اور پونیری پلٹن کو پلیئر ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ میں کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی آزادی ہوگی۔