نئی دہلی: ہاکی انڈیا نے 26 جون سے 19 جولائی تک بنگلورو کے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) سنٹر میں منعقد ہونے والے سینئر مردوں کے قومی کوچنگ کیمپ کے لیے اتوار کو 39 رکنی بنیادی ممکنہ گروپ کا اعلان کیا۔ کیمپ کے اختتام کے بعد بھارتی ٹیم اسپین کے ٹیراسا کے لیے روانہ ہوگی، جہاں اس کا مقابلہ 25 جولائی سے 30 جولائی تک ہسپانوی ہاکی فیڈریشن کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، اسپین اور نیدرلینڈز سے ہوگا۔ اس چار ملکی ٹورنامنٹ کے بعد بھارت 3 اگست سے گھریلو سرزمین پر شروع ہونے والی باوقار ہیرو ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 میں حصہ لے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت کا مقابلہ کوریا، ملائیشیا، پاکستان، جاپان اور چین سے ہوگا۔ کیمپ کے لیے منتخب کردہ کور گروپ میں گول کیپر کرشنا بہادر پاٹھک، پی آر شریجیش، سورج کرکیرا، پون ملک، پرشانت کمار چوہان، ڈیفنڈر ہرمن پریت سنگھ، جرمن پریت سنگھ، سریندر کمار، ورون کمار، امیت روہیداس، گروندر سنگھ، جوگراج سنگھ، مندیپ مور ، نیلم سنجیو زیس، سنجے، یشدیپ سیواچ، دیپسان ٹرکی اور منجیت شامل ہیں۔
کیمپ کے لیے بلائے گئے مڈفیلڈرز میں منپریت سنگھ، ہاردک سنگھ، وویک ساگر پرساد، موئرنگتھم ربی چندر سنگھ، شمشیر سنگھ، نیل کنٹھ شرما، راجکمار پال، سمیت، آکاش دیپ سنگھ، گرجنت سنگھ، محمد راہل موسیٰ اور منیندر سنگھ شامل ہیں، جبکہ فارورڈز فہرست میں ایس کارتی، مندیپ سنگھ، للت کمار اپادھیائے، ابھیشیک، دلپریت سنگھ، سکھجیت سنگھ، سمرن جیت سنگھ، شیلانند لاکڑا اور پون راج بھر کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ ستمبر میں چین کے شہر ہونگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کے پیش نظر یہ سال ہندوستانی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے جہاں جیتنے والی ٹیم براہ راست پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔