لاس اینجلس:سربیا کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی اور 22 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن نوواک جوکووچ نے امریکہ میں منعقد ہونے والے انڈین ویلز ماسٹرز 2023 سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ منتظمین نے تصدیق کی کہ جوکووچ کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائے بغیر امریکہ میں داخل ہونے کی منظوری نہیں دی گئی۔ منتظمین نے ایک بیان میں کہا، “دنیا کے سرفہرست کھلاڑی نوواک جوکووچ نے 2023 بی این بی پاریباس اوپن سے واپس لے لیا ہے۔ نکولوز واسیلاشویلی میدان میں انکی جگہ لیں گے۔" قابل ذکر ہے کہ جوکووچ نے گزشتہ ماہ امریکی حکومت کو 6 مارچ سے انڈین ویلز اور 19 مارچ سے میامی میں ہونے والے ایونٹس میں کھیلنے کی خصوصی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔
اس وقت امریکہ میں کووِڈ ویکسین کے بغیر داخلے پر پابندی ہے۔ اس پالیسی کی وجہ سے جوکووچ گزشتہ سال انڈین ویلز، میامی اوپن اور یو ایس اوپن میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ فلوریڈا کے سینیٹرز رک سکاٹ اور مارکو روبیو نے گزشتہ جمعہ کو امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک خط لکھا تھا، جس میں ان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ جوکووچ کو استثنیٰ دیں۔ انڈین ویلز ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر ٹومی ہاس، یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن اور یو ایس اوپن بھی پر امید تھے کہ سربیا کے لیجنڈ کو کووِڈ ویکسین لگائے بغیر امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ جوکووچ نے اس بارے میں فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ جوکووچ کو حال ہی میں دبئی اوپن کے فائنل میں روس کے ڈینیل میدویدیو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میدویدیو نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کے خلاف میچ 6-4، 6-4 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔