احمد آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز کہاکہ کھیل ہزاروں برسوں سے بھارت کی وراثت اور ترقی کے سفر کا حصہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 36ویں قومی کھیلوں کا افتتاح کرتے ہوئے ملک کی تہذیب و ثقافت کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ’’کھیل ہزاروں برسوں سے بھارت کی وراثت اور ترقی کے سفر کا حصہ رہے ہیں۔ آزادی کے امرت دورمیں ملک فخر سے اس روایت کو زندہ کر رہا ہے۔ ملک کی کوشش اور جوش صرف ایک کھیل تک محدود نہیں ہے، 'کلاریپیٹو' اور یوگاسن جیسے بھارتی کھیل بھی اہمیت حاصل کر رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ان کھیلوں کو نیشنل گیمز جیسے بڑے ایونٹس میں شامل کیا گیا ہے۔ Sports have been a part of India’s legacy and growth journey for thousands of years
انہوں نے ان کھیلوں کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں سے کہاکہ “میں خاص طور پر ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ ایک طرف آپ ہزاروں سال پرانی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں، ساتھ ہی ساتھ کھیلوں کی دنیا کے مستقبل کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں جب ان کھیلوں کو عالمی سطح پر پہچان ملے گی تو آپ کا نام ان شعبوں میں لیجنڈ کے طور پر لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل گیمز کے افتتاح کے موقع پر جو پُرجوش ماحول ہے وہ الفاظ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7000 سے زائد ایتھلیٹ، 15000 سے زائد شرکاء، 35000 سے زائد کالجوں، یونیورسٹیوں اور اسکولوں و 50 لاکھ سے زائد طلباء کی نیشنل گیمز سے براہ راست وابستگی حیرت انگیز اور بے مثال ہے۔