ایڈیلیڈ: بھارتی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا پونیا نے بھارت کے لیے اپنا 250واں میچ کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی انہیں 250 بین الاقوامی میچ مکمل کرنے کے بعد نئی بلندیوں کو چھونے کی ترغیب دے گی۔ کوچ جینیک شوپمین کے ہاتھ سے ہندوستانی کیپ حاصل کرنے کے بعد سویتا نے کہا کہ 'بھارت کے لیے 250 بین الاقوامی میچ کھیلنا میرے لیے بہت خاص لمحہ ہے۔ میں نے اس لمحے تک اس سفر میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں اور یہ میرے ساتھیوں کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ "میں ہاکی انڈیا ایس اے آئی (اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا) اور حکومت اوڈیشہ کا ہندوستانی خواتین ٹیم کی مسلسل حمایت کے لیے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مجھے اور بھی بہت سی بلندیاں حاصل کرنی ہیں اور یہ کامیابی مجھے مضبوط رہنے کی ترغیب دیتی ہے۔"
سویتا نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ہاکی ٹیسٹ میں ہندوستان کے لیے 250 میچ مکمل کیے۔ دریں اثنا، تجربہ کار ڈیفینڈر نکی پردھان نے بھی ملک کے لیے اپنا 150 واں میچ کھیلا۔ نکی نے ہاکی انڈیا کو بتایاکہ "میں ہندوستان کے لیے 150 بین الاقوامی میچ مکمل کرنے پر بہت خوش اور فخر محسوس کر رہی ہوں۔ اپنے ملک کی سب سے بڑی سطح پر نمائندگی کرنا میرے لیے کسی خواب سے کم نہیں۔ ریو اولمپکس اور ٹوکیو اولمپکس میں کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ میں نے قومی ٹیم کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تک کا سفر بہت اچھا رہا ہے۔‘‘