میڈرڈ: ٹاپ بھارتی شٹلر پی وی سندھو نے میڈرڈ اسپین ماسٹرز کے فائنل میں اتوار کو انڈونیشیا کی گریگوریہ تنجنگ سے ہار کر چاندی کے تمغے پر اکتفا کیا۔ انڈونیشیا کی گریگوریہ تنجنگ نے صرف 29 منٹ تک جاری رہنے والے یکطرفہ مقابلے میں سندھو کو 21-8، 21-8 سے شکست دی۔ پی وی سندھو نے اس سے قبل آمنے سامنے کے ساتوں مقابلوں میں تنجنگ کو شکست دی تھی، لیکن یہاں ان کے پاس دنیا کی نمبر 12 شٹلر کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔ سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ کیرولینا مرین کو شکست دینے والی تنجنگ نے مقابلے کی بہتر شروعات کرتے ہوئے گیم میں بریک تک 11-6 کی برتری حاصل کرلی۔ بریک کے بعد سندھو نے پہلا پوائنٹ اسکور کیا، تاہم تنجنگ نے 11-7 کی برتری کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
دوسرے گیم میں تنجنگ نے مزید جارحیت کا مظاہرہ کیا اور بریک تک 11-3 کی زبردست برتری حاصل کرلی۔ بریک کے بعد سندھو نے کچھ مواقع پر بہتر کھیل پیش کیا لیکن انڈونیشیا کی شٹلر نے 20-8 پر میچ پوائنٹس کو جیت میں بدل کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ اسپین ماسٹرزاس سال دیگر مقابلوں کے مقابلے میں سندھو کے لیے بہتر ٹورنامنٹ تھا۔ انہوں نے 2023 میں اس سے پہلے صرف ایک بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ انڈیا اوپن سمیت تین مقابلوں میں انہیں پہلے مرحلے میں ہی باہر ہونا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ پی وی سندھو نے ہفتہ کو اسپین ماسٹرز کے سیمی فائنل میں سنگاپور کی یوجیامن کو شکست دی تھی۔