ممبئی:اولمپک سے جڑے فیصلے لینے کے لیے آئی او سی سیشن کو سب سے اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس سال، 141 واں آئی او سی سیشن 15 سے 17 اکتوبر تک ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع جیو ورلڈ سینٹرمیں منعقد ہوگا۔ ہندوستان اس کی میزبانی صرف دوسری بار کرنے جا رہا ہے۔ اس سے قبل سال 1983 میں نئی دہلی نے پہلی بار آئی او سی سیشن کی میزبانی کی تھی۔
بیجنگ 2008 میں ہندوستان کے لئے پہلا انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے سابق شوٹر ابھینو بندرا کا خیال ہے کہ آئی او سی سیشن ہندوستان کے نوجوانوں کو اولمپک موومنٹ کو زیادہ قریب سے سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
آئی او سی ایتھلیٹس کمیشن کے رکن، بندرا نے اولمپک ڈاٹ کام کو بتایاکہ ہماری آبادی اور ہمارے نوجوانوں کے ساتھ ہندوستان میں بہت صلاحیتیں ہیں۔ اولمپک موومنٹ واقعی ہندوستان کے نوجوانوں کو نہ صرف چیمپئن بنانے کی ترغیب دے سکتا ہے بلکہ میرے خیال میں اولمپکزم ہمارے نوجوان سماج کو ایک نئی سمت دینے میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔
ممبئی میں آئی او سی سیشن کے دوران اولمپک سے متعلق بہت سے اہم فیصلے لیے جائیں گے، جس میں مستقبل کے اولمپک کھیلوں سے وابستہ فیصلے، کھیلوں کو شامل کرنا اور بارکرنا شامل ہے۔وہیں جیولین تھرو کے موجودہ اولمپک اور عالمی چیمپئن نیرج چوپڑا نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لیے آئی او سی کے وفد کے سامنے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔