میڈرڈ: بھارت کی مشہور شٹلر پی وی سندھو نے ہفتہ کو اسپین ماسٹرز کے سیمی فائنل میں سنگاپور کی یوجیامن کو شکست دے کر سال کے پہلے بی ڈبلیو ایف فائنل میں جگہ بنالی۔ سندھو نے 48 منٹ تک جاری رہنے والے سپر 300 ایونٹ کے سیمی فائنل میں جیامن کو 24-22، 22-20 سے شکست دی۔ فائنل میں سندھو کا مقابلہ اسپین کی ٹاپ سیڈ کیرولینا مارین یا انڈونیشیا کی گریگوری ماریسکا تونجنگ سے ہوگا۔ اس ٹائی سے پہلے سندھو نے جیامن کو تین بار شکست دی تھی، حالانکہ سنگاپور کی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں ابتدائی برتری حاصل کر لی تھی۔ وقفے پر 11-9 کی برتری حاصل کرنے کے بعد جیامن نے اسے 14-10کرلیا، تاہم، سندھو نے اسے برتری کو 14-16 تک بڑھانے کی اجازت نہیں دی۔ جیامن نے اگلے پانچ میں سے چار پوائنٹس جیت کر ایک بار پھر گیم کو اپنے حق میں کرلیا۔
جیامن 20-15 کی برتری حاصل کرنے کے بعد گیم جیت سکتی تھیں لیکن سندھو نے تین شاندار شاٹس اور سنگاپور کے شٹلر کی دو غیرضروری غلطیوں سے اسکور برابر کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک ایک گیم پوائنٹ حاصل کیا لیکن نیٹ پر جیامن کی غلطیوں کی وجہ سے سندھو نے پہلا گیم 24-22 سے جیت لیا۔ سندھو نے دوسرے گیم میں بہتر آغاز کرتے ہوئے وقفے پر 11-6 کی برتری حاصل کی۔ جیا من نے وقفے کے بعد واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 14 پوائنٹس پر برابر کر دیا۔ سندھو نے مسلسل تین پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے اپنے حریف پر مسلسل دباؤ ڈالا، جب کہ جیامن نے چار پوائنٹس اسکور کرکے جواب دیا۔