نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کو اولمپیئن پہلوان ساکشی ملک سے ملاقات کر یکجہتی کا اظہار کیا اور انصاف کی لڑائی میں انہیں ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا۔ پرینکا گاندھی نے ساکشی ملک کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے اور دیگر پہلوانوں سے بھی ملاقات کی۔
پرینکا گاندھی نے انصاف کی لڑائی میں ساکشی ملک کو ہر طرح کی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ 'دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والی خواتین کھلاڑیوں نے بی جے پی ایم پی اور اس وقت کے ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، لیکن بی جے پی حکومت نے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی، بلکہ متاثرین کو طرح طرح سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بی جے پی اب بھی ملزم کے ساتھ کھڑی ہے اور اسے ہر طرح سے سہارا اور انعام دے رہی ہے، پورے ملک کی خواتین یہ ظلم دیکھ رہی ہیں۔'
غور طلب ہو کہ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک جیسے کھلاڑیوں کی توہین نہ صرف ان کی بلکہ پورے ملک کی توہین ہے۔ یہ شرمناک ہے کہ دنیا میں ہندوستان کا وقار بلند کرنے والے کھلاڑی اپنی ہی حکومت کے سامنے بے بس ہیں۔ وزیر اعظم کو کم از کم اس معاملے میں اپنی انا ترک کر کے ملک کا سر فخر سے بلند کرنے والے کھلاڑیوں کو انصاف کی یقین دہانی کرانی چاہیے تھی۔ لیکن وزیر اعظم اور بی جے پی جنسی استحصال کے ملزمان کے ساتھ کھڑی ہے۔