اردو

urdu

ETV Bharat / sports

Tokyo Paralympics: صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے کرشنا ناگر کو دی مبارکباد

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر بیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر کو مبارکباد دی۔

کرشنا ناگر نے گولڈ میڈل جیتا
کرشنا ناگر نے گولڈ میڈل جیتا

By

Published : Sep 5, 2021, 3:34 PM IST

بھارتی شٹلر کرشنا ناگر نے ایکس ۔ ایس ایچ 6 کیٹیگری میں سنسنی خیز مقابلے میں ہانگ کانگ کے چو مان کیئی کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا جس کے بعد صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹر کے ذریعے انہیں مبارکباد پیش کی۔

بشکریہ ٹویٹر

صدر جمہوریہ نے ٹویٹر پر لکھا کہ 'کرشنا ناگر کی تاریخی کارکردگی۔ مضبوط اور پختہ یقین سے آپ نے پیرالمپکس کے بیڈمنٹن میں سونے کا تمغہ جیت کر اور ترنگا بلند کر کے اپنی قابلیت ثابت کی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'آپ کی کامیابی قابل تعریف ہے۔ کئی بھارتی آپ سے تحریک حاصل کریں گے۔ مبارکباد اور نیک خواہشات۔'

واضح رہے کہ کرشنا ناگر نے ٹوکیو پیرالمپکس کے آخری دن بیڈمنٹن میں سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے کھلاڑی چو مان کیئی کو ہرا کر بیڈمنٹن میچ کا فائنل جیتا تھا۔

میچ کا پہلا سیٹ جیتنے کے بعد کرشنا ناگر دوسرے سیٹ میں ہار گئے لیکن تیسرے سیٹ میں واپسی کرتے ہوئے انہوں نے شروع سے ہی مخالف کھلاڑی پر برتری برقرار رکھی اور میڈل اپنے نام کیا۔

کرشنا کی اس کامیابی پر ان کے والد سنیل ناگر نے کہا کہ 'انہیں یقین تھا کہ کرشنا سونے کا تمغہ جیتے گا۔ کوچ یادویندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ یوم اساتذہ پر بطور کوچ انہیں اس سے بہتر کوئی تحفہ نہیں مل سکتا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم مودی نے بھی سونے کا تمغہ جیتنے پر کرشنا ناگر کو دی مبارکباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کرشنا ناگر کو ٹوکیو پیرالمپک کھیلوں کے بیڈمنٹن ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔

مودی نے ٹویٹ کیا ’’بیڈمنٹن کھلاڑیوں کو ٹوکیو پیرالمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ کرشنا ناگر کی شاندار کارکردگی نے ہر ہندوستانی کے چہرے پر مسکراہٹ دوڑادی ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں مبارکباد۔ ان کے مستقبل کی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات‘‘۔


ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر نے اتوار کو ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے سنگلز بیڈمنٹن ایس ایچ 6 مقابلے کے فائنل میں ہانگ کانگ کے چو مین کائی کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔

'بتا دیں کہ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کی جانب سے جے پور کے ایس ایم ایس اِنڈور اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین لگا کر براہ راست میچ دیکھنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ جہاں کھلاڑی، ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور کرشنا ناگر کے رشتہ دار موجود تھے۔

فائنل جیتنے والے کرشنا ناگر کے شائقین اور جے پور ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سکریٹری منوج داسوت نے کہا کہ کرشنا کی جیت نوجوانوں کو متاثر کرے گی۔ کرشنا نے ایس ایم ایس میں کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ محنت کی جس کے نتیجے میں انہیں آج گولڈ میڈل ملا۔ جے پور پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 'دنیا کے نمبر دو پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر نے 21 برس کی عمر میں بیڈمنٹن کے پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں ملک کے لیے دو طلائی تمغے جیتے ہیں۔ اس کے بعد ٹوکیو پیرالمپکس کے لیے کوالیفائی کیا اور اب گیمز کے اسی سیزن میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details