کولمبو: عبداللہ شفیق (201) کی ڈبل سنچری اور نعمان علی (70/7) کے جادوئی اسپیل کی بدولت پاکستان نے جمعرات کو سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 222 رن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔
سری لنکا کو پہلی اننگز میں 166 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان نے 576/5 پر 410 رن کی بڑی برتری کے ساتھ اننگز ڈکلیئر کر دی۔ سری لنکن ٹیم چوتھے روز نعمان کی شاندار اسپن کے سامنے دوسری اننگز میں 188 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اینجلو میتھیوز 127 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 63 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن انہیں کوئی سہارا نہ مل سکا۔
محمد رضوان (ناٹ آؤٹ 50) نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پاکستان نے دن کے اوائل میں اننگز ڈکلیئر کردی۔ سری لنکا کے اوپنروں نے 69 رن کی شراکت میں دن کا آغاز اچھا کیا لیکن نعمان علی نے جلد ہی میزبان ٹیم کو اپنی اسپن میں پھنسا لیا۔
اوپنرز نشان مدوشنکا (33) اور دیموتھ کرونارتنے (41) کے وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز نے اپنے قدم جمائے، حالانکہ نعمان دوسرے سرے سے وکٹیں لیتے رہے۔ سری لنکا کے 177 رن پر ابتدائی سات وکٹیں کھونے کے بعد نعمان کے پاس ایک اننگز میں ریکارڈ 10 وکٹیں لینے کا موقع تھا، لیکن نسیم شاہ نے ایسا نہیں ہونے دیا۔