اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی - اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی
جاپان نے ٹوکیو اولمپک کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب2021 تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی اور ان کھیلوں کا نام اولمپک اور پیرالمپک ٹوکیو 2020 ہی رہے گا۔
اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی
جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس باک کے ساتھ منگل کو کانفرنس کال کرنے کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کرکے یہ اعلان کیا۔
کورونا کے بڑھتے عالمی اعداد و شمار اور پورے یورپ کے اس کے گرفت میں آنے کو دیکھتے ہوئے آئی او سی کے صدر اور جاپان کے وزیر اعظم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ٹوکیو اولمپک کے انعقاد کی تاریخ کو آگے بڑھایا جائے لیکن اسے ہر حال میں 2021 کے موسم گرما تک منعقد کر لیا جائے۔ اس سے کھلاڑیوں، کھیلوں کے انعقاد سے منسلک ہر شخص اور بین الاقوامی برادری کی حفاظت ہو سکے گی۔دونوں رہنماؤں میں اس بات پر بھی اتفاق تھا کہ ٹوکیو اولمپک کھیل ایسے بحران کے وقت میں دنیا کے لئے امید کی کرن رہیں گے اور اولمپک مشعل امید کی کرن کوروشن رکھے گی۔