نئی دہلی: دنیا کے نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ رواں برس یو ایس اوپن کھیل سکتے ہیں۔ امریکہ نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے کووڈ 19 ویکسینیشن کی لازمی شرط کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 22 بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن ویکسین نہ لینے کی وجہ سے یو ایس اوپن سمیت کئی ٹورنامنٹس سے محروم رہے تھے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہاکہ 'ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 11 مئی کو انتظامیہ وفاقی ملازمین، وفاقی ٹھیکیداروں اور بین الاقوامی ہوائی مسافروں کے لیے لازمی کووڈ 19 ویکسین کو ختم کر دے گی۔ کووڈ-19 پبلک ہیلتھ ایمرجنسی بھی اسی دن ختم ہو جائے گی۔
سربیا کے کھلاڑی نے رواں برس کے شروع میں امریکی حکام سے کووِڈ ویکسین نہ لینے کے باوجود امریکہ میں داخلے کی خصوصی اجازت طلب کی تھی۔ تاہم انہیں داخلے سے منع کر دیا گیا اور پھر جوکووچ اے ٹی پی ماسٹرز 1000 انڈین ویلز ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔ 22 گرینڈ سلیم جیتنے والے جوکووچ نے کووڈ-19 کی ویکسین نہیں لی ہے، اس لیے انہیں امریکہ میں داخلے کا ویزا نہیں مل سکا۔