ہانگژو: ہندوستان کی اسٹار باکسر نکہت زرین نے بدھ کو ایشیائی کھیلوں میں 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں کوریا کی چورونگ باک کو آسانی سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ کوارٹر فائنل میں نکہت کا مقابلہ اردن کی ناصر حنان سے ہوگا۔
تین ہندوستانی باکسر جمعرات کو ایکشن میں ہوں گے۔ مردوں کے ایونٹ میں دیپک بھوریا (51 کلوگرام) کا مقابلہ 2021 کے عالمی چیمپئن ٹومویا سوبوئی (جاپان) سے راؤنڈ آف 16 میں ہوگا، جبکہ نشانت دیو (71 کلوگرام) پری کوارٹر فائنل میں ویتنام کے بوئی پیٹی سے مقابلہ کریں گے۔ خواتین کی 60 کلوگرام زمرے میں جیسمین لمبوریا کا مقابلہ سعودی عرب کی حدیل غزوان سے ہوگا۔
نکہت نے جارحانہ رویہ کے ساتھ اپنے باؤٹ کا آغاز کیا اور پورے میچ میں کورین باکسر پر حاوی رہیں۔ نکہت نے دائیں اور بائیں ہک کا بہت اچھا استعمال کیا اور پہلا راؤنڈ 5-0 سے جیت لیا۔
دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے کورین باکسر پر بیک ٹو بیک پنچ لگائے اور چورونگ باک مسلسل دباؤ میں نظر آئیں۔ اسی طرح دوسرے راؤنڈ میں بھی تمام ججوں کے متفقہ فیصلے (5-0) سے زرین نے شاندار جیت حاصل کی۔