نئی دہلی: ہندوستانی باکسر نکہت زرین، نیتو گھنگھاس اور منیشا مون نے منگل کو اپنے اپنے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں زبردست جیت کے بعد خواتین کی عالمی چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلے کے 50 کلوگرام کے مقابلے میں نکہت نے میکسیکو کی فاطمہ ہیریرا کو متفقہ فیصلے سے شکست دی۔ دفاعی عالمی چیمپئن نکہت نے جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور ہیریرا کو اپنی بہترین کوششوں کے باوجود واپسیکا موقع نہیں دیا۔
نکہت کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے چھوت میت رکشت سے ہوگا۔
اپنی مسلسل دوسری یکطرفہ جیت کے بعد، نکہت نے کہا ن’’میں اس باکسر کے خلاف پچھلی عالمی چیمپئن شپ میں بھی کھیلی تھی اور جیت گئی تھی۔ پچھلی بار کی نسبت آج وہ قدرے سخت تھیں۔ میرے وزن کی کیٹیگری 52 سے 50 کلوگرام میں تبدیل ہو گئی ہے اور میری رفتار بڑھ گئی ہے لیکن مجھے ابھی بھی کچھ چیزوں پر کام کرنا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے آج اچھا مظاہرہ کیا۔ میں نے اب تک جتنے بھی کھلاڑیوں کا سامنا کیا ہے وہ سخت تھے۔
نکہت کی جیت سے پہلے، کامن ویلتھ گیمز 2022 کی طلائی تمغہ جیتنے والی نیتو نے تاجکستان کی سمایا کوسیمووا کو 48 کلوگرام کے مقابلے میں شکست دی۔ نیتو نے پہلے ہی راؤنڈ میں کوسیمووا پر غلبہ حاصل کیا اور ریفری نے چھ منٹ کے بعد فائٹ روک کر ہندوستانی باکسر کو فاتح قرار دیا۔