نئی دہلی:چیمپئن شپ 15 سے 26 مارچ تک قومی دارالحکومت کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔لولینا کے پاس 75 کلوگرام کے زمرے میں عالمی چیمپئن شپ کے دو کانسی کے تمغے ہیں اور وہ سات دیگر اولمپک تمغہ جیتنے والے باکسروں کے ساتھ آئندہ چیمپئن شپ میں سونے کے تمغے کے لئے میدان میں اتریں گی۔
وہیں نکھت زرین 50 کلوگرام کیٹیگری میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ وہ گزشتہ سال ترکی کے دارالحکومت استنبول میں منعقدہ چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن بنی تھیں۔
برمنگھم 2022 کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ نیتو گھنگھاس 48 کلوگرام زمرے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ دو بار کے یوتھ ورلڈ چیمپئن سینئر لیول پر گولڈ کے مضبوط دعویدار ہوں گی۔
بی ایف آئی کے صدر اجے سنگھ نے کہاکہ بھارت گزشتہ برسوں میں باکسنگ کی سپر پاور بن گیا ہے ۔ہم آئی بی اے خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے لئے اس باصلاحیت دستے کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ چیمپئن کھلاڑیوں کا اسکواڈ ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ دوبارہ ملک کا سر فخر سے بلند کریں گی۔
منیشا ماون، جو دہلی میں 2018 کی عالمی چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ عالمی سطح پر آگئی، انتہائی مسابقتی 57 کلوگرام فیدر ویٹ زمرے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ منیشا نے 2022 ورلڈ چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی جیسمین لیمبوریا جو 2022 کے ایڈیشن میں کوارٹر فائنلسٹ تھیں، 60 کلوگرام کیٹیگری میں مقابلہ کریں گی۔
نوجوان باکسر پریتی اور سناماچا چانو بالترتیب 54 کلوگرام اور 70 کلوگرام کیٹیگریز میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ پریتی نے 2022 ایشین چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ سنمچا 2021 کی یوتھ ورلڈ چیمپئن ہے اور حال ہی میں اپنے زمرے میں قومی چیمپئن بنی ہے۔