کراچی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں اوپنر ڈیون کونوے کی سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 261 رنز بنائے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور پہلی وکٹ 2 رنز پر گری جب نسیم شاہ فن ایلن کو محمد نواز کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ڈیون کونوے اور کیوی کپتان کین ولیمسن نے دوسری وکٹ پر بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 181 رنز کی شراکت کی۔ولیمسن اور کونوے نے اس دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کی۔
اوپنر کونوے نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 91 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔نسیم شاہ نے پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت دلائی جب نیوزی لینڈ کا اسکور 183 رنز پر پہنچاتھا۔کونوے کی 101 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرتے ہوئے نسیم شاہ نے دوسری وکٹ حاصل کی، کونوے کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔