نئی دہلی: بھارت کے اسٹار جیولن تھروور چیمپئن نیرج چوپڑا کو عالمی ایتھلیٹکس نے 'مینز ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر 2023 ایوارڈ' کے لیے نامزد کیا ہے۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشن (ورلڈ ایتھلیٹکس) نے جمعرات کو اس ایوارڈ کے لیے 11 ایتھلیٹس کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں بھارت کے اسٹار جیولن تھروور چیمپیئن نیرج چوپڑا اور ایتھلیٹ کے مختلف ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریان کراؤزر (امریکہ)، مونڈو ڈوپلانٹس (سویڈن)، سفیان البقالی(مراکش)، جیکب انگبریگٹسن (ناروے)، کیلون کیپٹم (کینیا)، پیئرس لیپیج (کینیڈا)، نوح لائلس (امریکہ)، الوارو مارٹن (اسپین)، ملٹیادیس ٹینٹوگلو (یونان) اور کارسٹن وارہوم (ناروے) کے نام شامل ہیں۔
نیرج چوپڑا نے اس سال کے شروع میں بوڈاپیسٹ میں عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت کر پہلے بھارتی ہونے کی تاریخ رقم کی تھی۔ جس کے بعد 25 سالہ کھلاڑی نے ایشین گیمز میں اپنا خطاب برقرار رکھا۔ تاہم اس سے قبل وہ ڈائمنڈ لیگ 2023 میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ نیرج چوپڑا سال 2023 کے مینز ورلڈ ایتھلیٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کئے گئے 11 کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ تاہم اس دوران انہیں باقی دس کھلاڑیوں سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی سپرنٹر نوح لائلز 100 میٹر اور 200 میٹر میں عالمی چیمپئن ہیں۔ اس نے بوڈاپیسٹ 2023 میں مردوں کے 4x100 میٹر ریلے میں امریکہ کے لیے طلائی تمغہ بھی جیتا تھا۔ مراکش کے سفیان البقالی، 3000 میٹر اسٹیپلچیس میں ایک تجربہ کارکھلاڑی ہیں۔ وہ چھ فائنل میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ اولمپک چیمپئن نے اس سال کے شروع میں عالمی خطاب کا دفاع بھی کیا تھا۔
مردوں کے پول والٹ میں موجودہ عالمی چیمپئن سویڈن کے مونڈو ڈوپلانٹس بھی 11 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 20 کلومیٹر اور 35 کلومیٹر کے مقابلوں میں عالمی چیمپئن ہسپانوی ریس واکر الوارو مارٹن بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔