نئی دہلی: کھیلوں کے قومی دن National Sports Day کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے میجر دھیان چند کو ان کی یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کی۔ ہاکی کے مایہ ناز جادوئی کھلاڑی میجر دھیان چند کسی تعارف کے محتاج نہیں یہ کہنا بھی غلط نہیں ہوگا کہ اگر بھارت کی ہاکی کی تاریخ کا ذکر کیا جائے اور اس میں دھیان چند کا ذکر نہ ہوتو اس تاریخ کو نامکمل ہی کہا جائے گا۔ بھارت میں کھیلوں کے قومی دن دھیان چند کی سالگرہ والے دن یعنی 29 اگست کو منایا جاتا ہے۔ الہ آباد میں ایک متوسط گھرانے میں 29اگست سنہ 1905کو دھیان چند کی پیدائش ہوئی۔ ان کے والد فوج میں صوبیدارکے عہد ے پر فائز تھے۔ دھیان چند کو بنیادی تعلیم حاصل کرنے میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے خاندان کی بار بار نقل مکانی سے ان کی تعلیم کافی متاثر ہوئی۔ اس عظیم کھلاڑی کو بچپن میں کھیلوں سے کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی، لیکن اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہ کھجور کی شاخ کی ہاکی اور پرانے کپڑوں سے بنی ہوئی گیند سے ہاکی کھیلا کرتے تھے۔ PM Modi pays tribute to hockey legend Major Dhyan Chand on birth anniversary
وہ محض 16برس کی عمر میں فوج میں بھرتی ہوئے۔ اس وقت کے صوبیدار میجر توکاری نے ان کی صلاحتوں کو بخوبی پہنچان لیا اور یہ محسوس کیا کہ وہ ہاکی کا اچھا کھلاڑی بن سکتا ہے۔ چنانچہ انہوں نے دھیان چند کو ایک بڑا کھلاڑی بنانے کا عہد کیا اور اس مقصد میں وہ کامیاب بھی رہے۔ دھیان چند کو ہاکی سے دلچسپی بڑھتی گئی اور وہ چاندنی رات میں بھی ہاکی کی مشق کرنے لگے اور اسی وجہ سے انہیں ایک انگریز افسر اسے دھیان سنگھ کی بجائے دھیان ‘چاند’ کہہ کر پکارنے لگے۔
فوج میں شامل ہونے کے بعد انہیں دن میں ہاکی کھیلنے کا موقع کم ہی ملتا تھا۔ ایسے میں وہ رات کی چاند کی روشنی میں ہاکی میں ہاتھ آزمایا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سنہ 1926 میں ان کا نیوزی لینڈ کا دورہ پہلی بار تھا جب کسی بھارتی نے غیر ملکی سرزمین پر کسی غیر ملکی ٹیم کے خلاف گول کیا تھا۔ اس وقت دھیان چند کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم نے اس قدر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا کہ ہاکی کے کھیل کو جو 1920 میں اولمپکس سے خارج کر دیا گیا تھا، 1928 کے اولمپکس میں دوبارہ متعارف کرایا گیا۔
اس کے بعد انہیں 1928 کے اولمپکس کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ اس زمانے میں ہاکی 'ہٹ اینڈ رن' کے طریقے پر کھیلی جاتی تھی، لیکن ہندوستانی ہاکی سنہ 1926 تک پوری طرح ہنر مند ہو چکی تھی اور دھیان چند اس ہاکی کے شاندار کھلاڑی تھے۔ اولمپکس میں غیر ملکی سرزمین پر دھیان چند کے جاندار اور شاندار کھیل کے لوگ مداح بن گئے۔ اس اولمپکس میں اپنی جادوئی کارکردگی کی وجہ سے انہیں 'ہاکی کا جادوگر' کہا جانے لگا۔