برمنگھم:22 ویں کامن ویلتھ گیمز میں بھارت کے کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی برقراررکھتے ہوئے ملک کو کُل 61 تمغے دلائے ہیں۔ اس دوران بھارتی اسکواڈ میں ہریانہ کے کھلاڑیوں کا دبدبہ رہا۔ ہریانہ کی آبادی ملک کی آبادی کا تقریباً دو فیصد ہے، لیکن اس ریاست کے کھلاڑیوں نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں اپنا دبدبہ قائم رکھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں جانے والے بھارتی اسکواڈ میں سب سے زیادہ 43 کھلاڑی ہریانہ کے ہیں جن میں سے 17 کھلاڑیوں نے تمغے جیت کر ملک اور ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ Majority of Athletes from Haryana Among Commonwealth Games Medalists
شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا میں ریاست اور ملک کا نام روشن کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر نے مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں امت پنگھل اور نیتو گنگھاس نے باکسنگ میں گولڈ میڈل جیتا ہے تو ساکشی ملک، بجرنگ پونیا، دیپک پونیا، روی کمار دہیا، ونیش پھوگاٹ اور نوین کمار نے ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ سدھیر نے پیرا پاور لفٹنگ میں گولڈ حاصل کیا ہے۔ انشو ملک نے ریسلنگ میں سلور، پوجا گہلوت، پوجا سہاگ، دیپک نہرا اور موہت گریوال نے کشتی میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ باکسنگ میں ساگر اہلاوت نے چاندی جبکہ جیسمین لمبوریا نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ سندیپ کمار نے ایتھلیٹکس برونز جیتا ہے۔