لکھنؤ:اتر پردیش میں مئی میں دس روزہ 'کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز' کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے تقریباً 4000 کھلاڑیوں سمیت 7500 لوگ حصہ لیں گے۔ گیمز کی افتتاحی تقریب لکھنؤ میں اور اختتامی تقریب وارانسی میں ہوگی۔ یونیورسٹی گیمز میں یونیورسٹی کے انڈر 27 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یونیورسٹی گیمز ریاست کے چار شہروں لکھنؤ، وارانسی، نوئیڈا اور گورکھپور میں کھیلے جائیں گے، اس کے ساتھ ایک کھیل دہلی میں بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس کے تحت کل 21 کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ جمعرات کو کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم میں کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) گریش چندر یادو کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس میں ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نونیت سہگل سمیت تقریب سے متعلق تمام محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر گریش چندر یادو نے کہا کہ اتر پردیش کو پہلی بار کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔ یہ ہم سب ریاست کے باشندوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ گیمز کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ کھلاڑیوں کو آنے جانے، رہنے، کھانے، کھیلنے وغیرہ میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر سہگل نے کہا کہ کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز ریاستی حکومت کا ایک باوقار ایونٹ ہے۔ اس میں ملک بھر سے 4000 کھلاڑی، 1200 معاون عملہ اور 900 تکنیکی اہلکار شامل ہوں گے۔ ان کی سہولت کے لیے محکمہ کے افسران اور ملازمین کے ساتھ تقریباً 1300 رضاکار تعینات کیے جائیں گے۔ تمام رضاکاروں کو 500 روپے یومیہ اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔