نئی دہلی: آسٹریلیا نے عثمان خواجہ (81) اور پیٹر ہینڈزکومب (ناٹ آؤٹ 72) کی نصف سنچریوں کی بنیاد پر بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہونے سے قبل 263 رنز بنائے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بھارت بغیر کوئی وکٹ کھوئے 21 رنز بنانے میں کامیاب رہا، حالانکہ وہ اب بھی 242 رنز سے پیچھے ہے۔ کپتان روہت شرما 13 رنز بنا کر کریز پر ہیں جبکہ نائب کپتان کے ایل راہل چار رنز پر کھیل رہے ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر خواجہ نے 125 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ جب خواجہ ہندوستانی سرزمین پر اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے سے محض 19 رنز دور تھے، وہ روینڈر جڈیجہ کی گیند کو ریورس سوئپ کرنے کی کوشش میں کیچ ہو کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ہینڈزکومب نے اپنی جارحانہ اننگز میں نو چوکوں کی مدد سے 142 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 72 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 168 رنز پر گرنے کے بعد ہینڈزکومب نے لورآرڈر کے بلے بازوں کے ساتھ مل کر قیمتی 95 رنز جوڑے جس پر آسٹریلیا 263 رنز تک پہنچ سکا۔
ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ روی چندرن اشون اور جڈیجہ نے تین تین کامیابیاں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ خواجہ نے دن کے پہلے گھنٹے میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ایک مستحکم آغاز کیا، پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے، حالانکہ وارنر اس عرصے میں کبھی بھی پرسکون نظر نہیں آئے۔ اننگز کے چوتھے اوور میں وارنر نے رن کے لئے باہر سوئنگ ہوتی ہوئی ایک گیند کو چھیڑا، حالانکہ وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ آخر کار 16ویں اوور میں وہ محمد شامی کی گیند پر وکٹ کیپر بھرت کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ وارنر اپنی مشکل اننگز میں تین چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں میں صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔
وارنر کا وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلیا سنبھل گیا لیکن اشون نے لنچ سے 10 منٹ پہلے دو وکٹ لے کر ہندوستان کو میچ میں واپس کر دیا۔ ایشون نے تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے مارنس لیبوشگن کو 18 رنز کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کیا، جب کہ اسٹیو اسمتھ دو گیندوں بعد صفر پر آؤٹ ہوگئے۔