نئی دہلی: آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے نو منتخب صدر کلیان چوبے نے جمعہ کو کہا کہ وہ بھارتی فٹ بال کو ایک ساتھ آگے لے جانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ سابق گول کیپر چوبے نے یہ بات اے آئی ایف ایف انتخابات میں ہندوستان کے سابق کپتان بائیچنگ بھوٹیا کو شکست دے کر اعلیٰ عہدہ حاصل کرنے کے بعد کہی۔ Kalyan Chaubey New AIFF President
انہوں نے کہاکہ 'ابتدائی طور پر ہم ایک مختصر مدت کے منصوبے پر کام کریں گے اور پھر اس ماہ کے آخر میں کولکتہ میں ملاقات کریں گے۔ ہم نے سپریم کورٹ میں گزشتہ 19 مہینوں سے مل کر لڑائی لڑی ہے اور اس مقام تک پہنچنے میں سب کو بہت وقت، محنت اور وسائل لگے ہیں۔ Kalyan Chaubey on Indian Football
چوبے نے کہاکہ ''میں بھارتی فٹ بال کے مختلف موجودہ چیلنجوں پر کام کرنے اور متعلقہ ریاستوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے تمام نامور فٹبالرز کو شامل کرنا چاہتا ہوں۔ 100 دنوں کے بعد ہم ہندوستانی فٹ بال کے لیے روڈ میپ پیش کرنے اور اگلا قدم اٹھانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ چوبے نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد انہیں فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کا فون آیا تھا۔
چوبے نے کہاکہ ''مجھے فیفا صدر کا فون آیا۔ وہ اس سال کے آخر میں زیورخ یا دوحہ میں مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ میں نے انہیں اگلے چند دنوں کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ ہمارے پاس اگلے ماہ فیفا انڈر۔17 خواتین کا ورلڈ کپ انڈیا 2022 ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ ہمیں آپس میں تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم چیزوں کو آگے کیسے لے کر جا رہے ہیں۔ اس کے بعد ہم اپنے منصوبے ان کے سامنے تفصیل سے پیش کریں گے۔