نئی دہلی:ڈریم اسپورٹس فاؤنڈیشن کی ایتھلیٹ جیوتی سریکھا وینم (تیر اندازی) نے 19ویں ایشیائی کھیلوں میں کمپاؤنڈ تیر اندازی کے مقابلوں میں تین گولڈ میڈل جیتے۔ یہ ایڈیشن ہندوستانی تیر اندازی کے دستے کے لیے ایک خاص ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے 10 میں سے 7 مقابلوں میں پوڈیم فنش حاصل کیے جن میں ریکرو اور کمپاؤنڈ شامل ہیں۔
جیوتی نے خواتین کے انفرادی، خواتین کی ٹیم اور مکسڈ ٹیم ایونٹس میں گولڈ میڈل جیت کر اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ اپنی جیتی ہوئی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ جیت نہ صرف میری بلکہ میرے کوچز، میری ٹیم کے ساتھیوں اور ہر اس شخص کی محنت اور لگن کا ثبوت ہیں جنہوں نے مجھ پر یقین کیا اور میرا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے یہ تین گولڈ میڈلز گھر لانے پر فخر ہے اور امید ہے کہ میں ان نوجوان بچوں کی حوصلہ افزائی کر سکوں گی جو تیر اندازی کو کیریئر کے کھیل کے طور پر اپنانا چاہتے ہیں۔