سلالہ (عمان):دفاعی ایشین چیمپئن ہندستان نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی مینز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب اس کا مقصد کوریا کے چیلنج پر قابو پانا اور مسلسل دوسرے ایشین خطاب کی طرف بڑھنا ہے۔
ہندوستانی کپتان اتم سنگھ نے میچ سے قبل نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہمارے کیمپ میں اچھا ماحول ہے۔ ہمارے ٹورنامنٹ کا ایک مقصد ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی مینز ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، جسے ہم نے پورا کر لیا ہے۔ ہم ایشیا کی ٹاپ ٹیموں میں سے ایک ہیں۔۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم جونیئر مینز ایشیا کپ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ ہم نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سیمی فائنل میں بھی اسے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم کیمپ میں تیاری کرتے ہیں تو ہمیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ہمیں کس ٹیم کا کس مرحلے پر سامنا کرنا ہے اس لیے ہم ہمیشہ اپنے منصوبوں اور اہداف کو ذہن میں رکھتے ہیں اور کسی بھی اپوزیشن کے خلاف تیاری کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ "
ہندوستان نے چائنیز تائپے کو 18-0 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پول مرحلے کا آغاز کیا، جبکہ دوسرے میچ میں اس نے جاپان کو 3-1 سے شکست دی۔ روایتی حریف پاکستان کے خلاف سنسنی خیز 1-1 سے ڈرا کرنے کے بعد، ہندوستانی نوجوانوں نے تھائی لینڈ کو 17-0 سے شکست دے کر پول اے میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔
ٹیم کی اب تک کی کارکردگی پر ہندوستانی کوچ سی آر کمار نے کہا، "ہمیں ہمیشہ اس ٹیم پر بھروسہ رہا ہے۔ ہم نے ایک طویل کیمپ لگایا اور ہاکی انڈیا اور سائی کی مدد سے اچھی تیاری کی۔ ہم کوریا کے خلاف اچھے مقابلے کے منتظر ہیں۔ "ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم اپنے منصوبوں پر قائم ہیں۔ ہم آئندہ کھیلوں میں اس لے کو جاری رکھنا چاہیں گے۔"