نئی دہلی:بھارت کے نوجوان کھلاڑیوں نے یوں تو کھیلوں کے ہر شعبہ میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ چاہے وہ کرکٹ، فٹبال، ہاکی، دولت مشترکہ کھیل ہوں یا پھر اولمپک مقابلے۔ ہمارے کھلاڑی ہر جگہ اپنے ملک کا جھنڈا بلند کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ انہیں کھلاڑیوں میں سے ایک نوجوان کھلاڑی سندیپ سیجوال ہیں۔ سندیپ سیجوال ایک پیشہ ور بھارتی تیراک ہیں، جو بریسٹ اسٹروک تکنیک میں مہارت رکھتے ہیں اور وہ تیراکی کے بریسٹ اسٹروک مقابلوں میں قومی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ انہیں ملک کے بہترین تیراکی کے کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے بے شمار داد وتحسین حاصل کی ہیں۔
سندیپ نے 2014 کے ایشیائی کھیلوں میں 50 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا ۔ سندیپ کو تیراکی میں ان کی شاندار شراکت کے لیے حکومت ہند سے ارجن ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا جاچکا ہے۔ سندیپ سیجوال کی پیدائش 23 جنوری 1989 کو دہلی میں ہوئی۔ سندیپ نے دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفن کالج سے اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کی۔انہوں کم عمری میں ہی تیراکی تربیت لینی شروع کردی تھی۔سندیپ نےتیراکی کی باریکیاں اپنے کوچ نہار امین سے سیکھیں اور سخت محنت ، پریکٹس اور فٹنیس پر خاص توجہ دی۔ان کے کوچ نے ان پر بریسٹ اسٹروک کی خاص توجہ دی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ا س فیلڈ میں مہارت حاصل کی اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس قدآور چھ فٹ لمبے نوجوان کھلاڑی کا شمار بھارت کے بہترین تیراکوں میں ہونے لگا۔