بنگلورو:ہندوستان 2021 میں بھونیشور میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے آخری ایڈیشن میں فرانس سے ہارنے کے بعد چوتھے نمبر پر رہا تھا۔ہندوستان کواسپین، کوریا اور کناڈا کے ساتھ پول سی میں رکھا گیا ہے، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو چلی، آسٹریلیا اور میزبان ملیشیا کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے۔ پول بی میں جرمنی، فرانس، جنوبی افریقہ اور مصر کو رکھا گیا ہے جب کہ پول ڈی میں نیدرلینڈ، نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ہندوستانی ٹیم 5 دسمبر کو کوریا کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ ان کا اگلا میچ 7 دسمبر کو اسپین کے خلاف اور آخری پول اسٹیج میچ 9 دسمبر کو کناڈا کے خلاف ہو گا۔ کوارٹر فائنل میں داخلہ یقینی بنانے کے لیے ہندوستان کو پول سی میں ٹاپ دو میں رہنا ہوگا۔
ہندوستانی کپتان اتم سنگھ نے ملیشیا جانے سے پہلے کہا کہ پچھلی بار ہمیں فرانس سے شکست کے بعد چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا تھا لیکن اس بار ٹیم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ہم میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور امید ہے کہ ہندوستان تمغہ واپس لائے گا۔