بارسلونا:بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم نے یہاں جاری 100 ویں سالگرہ ہسپانوی ہاکی فیڈریشن-انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے میچ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-1 سے برابری پر روک دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سیم وارڈ نے پانچویں منٹ میں پہلا گول کیا جبکہ بھارت نے 29ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ کے ذریعے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ ابتدائی دھچکے کے باوجود بھارت نے اگلے منٹوں میں شاندار واپسی کی اور مسلسل دو پنالٹی کارنر بچائے۔ اس دوران بھارتی فارورڈ لائن نے اپنا حملہ جاری رکھا، 12ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن امپائر نے بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ کے خطرناک کھیل کی وجہ سے گول قبول کرنے سے انکار کردیا۔
میچ کے دوسرے کوارٹر کے ابتدائی منٹوں میں بھارت نے ایک اور زور دار حملہ کیا جب نائب کپتان ہاردک سنگھ کے اسٹک ورک سے بھارتی شائقین کو گول کی امید دلائی لیکن یہاں ایک بار پھر بھارتیوں کی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ بھارت نے انگلش دفاع کو توڑنے کے لئے جدوجہد کی اور آخر کار ہرمن پریت نے 29ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔ تیسرے کوارٹر میں سریجیش کی جگہ لینے والے بھارت کے نوجوان گول کیپر پون نے شاندار طریقے سے 35ویں منٹ میں انگلینڈ کا پنالٹی کارنر بچایا۔