نئی دہلی:ہندوستانی ٹیم 3 اگست سے 12 اگست تک ایشین چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لے کر آئندہ ماہ چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کی تیاری کرے گی۔ اگر ہرمن پریت کی ٹیم ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرتی ہے تو وہ براہ راست پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔
ہرمن پریت نے ہاکی تے چرچا پوڈ کاسٹ کے تازہ ترین ایپی سوڈ پر کہااگلے دو مہینے ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 میں، ہمارے پاس ہانگ زو ایشین گیمز سے قبل اچھے حریفوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ہے۔ یہ کھلاڑیوں کے لیے اچھا تجربہ ہوگا۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم ان منصوبوں پر عمل کریں جن پر ہم نے کام کیا ہے۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی پہلی بار ہندوستان میں منعقد ہو رہی ہے۔ اتفاق سے، چنئی ہرمن پریت کے لیے ایک خاص جگہ ہے کیونکہ ہاکی انڈیا کے اس وقت کے ہائی پرفارمنس ڈائرکٹر رولینٹ اولٹمینس نے انہیں اسی شہر میں ہاکی انڈیا جونیئر نیشنل چیمپئن شپ کے دوران دیکھا تھا۔
ہرمن پریت نے کہاکہ مجھے یاد ہے جب 2015 میں جونیئر ٹیم کا اعلان ہونا تھا، میں چنئی میں قومی چیمپئن شپ کھیل رہا تھا جسے ہم نے جیتا تھا۔ اس وقت رولینٹ اولٹمینس میچ دیکھنے کے لئے وہاں تھے اور ہم ہریانہ کے خلاف فائنل کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد مجھے قومی کیمپ کے لیے بلایا گیا اور پھر اسی سال سینئر کیٹیگری میں ڈیبیو کیا۔ یہ شہر میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ میں وہاں واپس جا کر کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔