نئی دہلی:ایشین چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک کھیلی جائے گی جب کہ ایشین گیمز ستمبر میں چین کے شہر ہانگ زو میں منعقد ہوں گے۔منگل کو ہاکی انڈیا کے ساتھ بات چیت میں، ہرمن پریت نے کہاکہ ہم اس ٹورنامنٹ میں یہ دیکھ سکیں گے کہ ہم ایشیائی کھیلوں میں ان ٹیموں کے خلاف کہاں کھڑے ہیں جن سے ہم مقابلہ کرنے جا رہے ہیں۔ یہ ایشین گیمز سے قبل ٹیم کے لئے اصل امتحان ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 ہمیں اپنے حریف ٹیموں کے بارے میں بھی بہتر سمجھ فراہم کرے گی۔ ہم ایشین گیمز کے لئے اچھی تیاری کر سکتے ہیں جہاں ہمارا مقصد گولڈ میڈل جیتنا اور پیرس 2024 اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنا ہو گا۔
ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے 2011 میں منعقدہ افتتاحی ایڈیشن میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ اس کے بعد وہ 2016 میں بھی چیمپئن بنے جبکہ مسقط میں ہونے والے فائنل 2018 میں ہندوستان اور پاکستان مشترکہ فاتح بنے تھے۔ 2021 میں ڈھاکہ میں منعقدہ پچھلے ایڈیشن میں، ہندوستانی ٹیم نے کانسی کے تمغے کے ساتھ مہم کا خاتمہ کیا تھا۔