بارباڈوس: کلدیپ یادو (6/4) اور رویندر جڈیجہ (37/3) کی شاندار گیند بازی سے ہندوستان نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 114 رن پر سمیٹ دیا۔
یہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا دوسرا سب سے کم اسکور ہے، جبکہ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے 2018 میں ترواننت پورم میں ویسٹ انڈیز کو 104 رن پر آل آؤٹ کیا تھا۔ کیریبین ٹیم کی یہ دوسری مختصر ترین اننگز بھی ہے جو 23 اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل 2011 میں وہ بنگلہ دیش کے خلاف 22 اوورز میں آل آؤٹ ہوئی تھی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے شائی ہوپ نے 45 گیندوں پر 43 رن بنائے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حال ہی میں ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے والی ونڈیز کی مایوس کن کارکردگی جاری رہی، ان کے سات بلے باز دوہرے ہندسے کو چھونے میں بھی ناکام رہے۔
ہندستان نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ صرف سات رن پر کائل میئرز (دو) کی صورت میں گری۔ نوجوان بلے باز ایلیک ایتھنیز اور برینڈن کنگ نے کچھ دیر اننگز کو سنبھالا لیکن دونوں پاور پلے کے اندر ہی پویلین واپس چلے گئے۔
ایتھنیز 18 گیندوں پر 22 رن بنا کر ون ڈے کرکٹ میں مکیش کمار کی پہلی وکٹ بنے، جب کہ کنگ (23 گیندوں، 17 رن) کو شاردول ٹھاکر نے بولڈ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے تین وکٹ پر 45 رن پر گرنے کے بعد اننگز کو سنبھالنے کی ذمہ داری ہوپ اور شمرون ہیٹمائر کی تجربہ کار جوڑی پر آ گئی۔
دونوں بلے بازوں نے آپس میں بیٹنگ کرتے ہوئے سات اوورز میں 43 رن جوڑے، حالانکہ ہندوستانی اسپنروں کے آتے ہی ونڈیز کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح گرگئی۔ جڈیجہ نے ہیٹ مائر کو بولڈ کرکے اپنا کھاتہ کھولا، جب کہ اپنے اگلے تین اووروں میں انہوں نے روومین پاویل اور روماریو شیفرڈ کو آؤٹ کیا۔