عالمی وبا کی شکل اختیارکرنے والے کورونا وائرس كووڈ -19 کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں وہیں بھارتی باکسنگ فیڈریشن (بي ایف اے) نے ایک اچھی خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سال کے آخر میں مردوں اور خواتین کی 2020 ایشیائی باکسنگ چمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔
بھارت کوایشیائی باکسنگ کی میزبانی بي ایف اے کے صدر اجے سنگھ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یہ اعلان کیا۔ اجے سنگھ نے اولمپک وزن زمروں میں کوالیفائی کر چکے باکسر اور ممکنہ مکے بازوں اور عملے کے ساتھ آن لائن جائزہ میٹنگ میں یہ اعلان کیا۔
اجے نے کہا کہ ہم ہندستان میں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں اور اس چمپئن شپ کی میزبانی کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے باکسر کے لئے بڑا پلیٹ فارم ہے اور اس سے شائقین بھی خوش ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے مقام اور تاریخوں کا اعلان حکومت اور دیگر متعلقین سے بات چیت کرنے کے بعد کیا جائے گا۔
اس چمپئن شپ کے ہندستان میں منعقد ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے چھ بارکی عالمی چمپئن اور ٹوکیو اولمپک کا کوٹہ حاصل کر چکی ایم سی میری کوم نے کہا کہ 'میں یہاں اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لئے بیتاب ہوں۔ میں کوچ کے ساتھ بات کر رہی ہوں اور اپنے وزن پر کنٹرول رکھنے پر کام کر رہی ہوں۔ میں لاک ڈاؤن کے دوران ٹریننگ پر توجہ دے رہی ہوں'۔
ایشیائی کھیلوں کے کانسے کا تمغہ فاتح اشیش کمار نے کہا کہ وہ مسلسل گھر میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور کوچ کے بتائے گئے طریقے پر عمل کر رہے ہیں۔
عالمی چمپئن شپ کی کانسے کا تمغہ فاتح سمرنجيت کور نے کہا کہ میں گھر میں رہ کر اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز کر رہی ہوں اور مسلسل اپنے وزن پر توجہ دے رہی ہوں۔
ای-پاٹھ شالہ کے پہلے مرحلے میں جسمانی فٹنس پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور باکسر ہفتہ وار بنیاد پر اعصابی ٹرینر اور غذائیت کے ماہر سے مشورہ لیں گے۔