گیکیبیرا: اوپنر اسمرتی مندھانا (87) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 کے گروپ بی کے اپنے میچ میں آئرلینڈ کے سامنے 156 رن کا ہدف رکھا۔
دیگر ہندوستانی بلے باز آئرلینڈ کی سخت بولنگ لائن اپ کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے، اسمرتی نے 56 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 87 رن بنائے۔ اس کے علاوہ جمائما روڈریگز نے 12 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 19 رن بنائے۔
ہندستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سست شروعات کی۔ اوپنر شفالی ورما کو رن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ مندھانا نے چھٹے اوور میں دو چوکے لگائے۔ شیفالی کی جدوجہد نویں اوور میں لورا ڈیلانی نے ختم کر دی۔ شیفالی نے آؤٹ ہونے سے پہلے 29 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔
آئرلینڈ کے گیند بازوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئیں کپتان ہرمن پریت کور کو بھی ہاتھ کھولنے کی اجازت نہیں دی ۔ ہرمن پریت نے 20 گیندوں میں صرف 13 رن جوڑے۔
اس دوران مندھانا نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے ہرمن پریت کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 52 رن کی نصف سنچری شراکت کی۔ مندھانا کو بھی 46 کے اسکور پر زندگی ملی جب کارا مرے کی گیند پر مڈ وکٹ پر کھڑی فیلڈر نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے مندھانا نے 14ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ ہرمن پریت کا وکٹ گرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر ریچا گھوش (0) ایل بی ڈبلیو ہوگئیں لیکن مندھانا نے رنوں کی رفتار کو رکنے نہیں دیا۔
ہندستان نے مندھانا کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت آخری پانچ اووروں میں 50 رن کا اضافہ کیا، حالانکہ وہ خود وہ 19ویں اوور میں آؤٹ ہونے کی وجہ سے ٹی20 انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری سے چوک گئیں ۔ اس کے بعد روڈریگس نے آخری اوور میں دو چوکے لگا کر ہندوستان کو 155 رن تک پہنچا دیا۔
یواین آئی۔