رورکیلا:ٹیم کیمپ میں ہاکی انڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سکھجیت نے کہا کہ کیمپ میں موجود ہر ایک کے درمیان ایک حقیقی ٹیم اسپرٹ ہے۔ ہم سب واقعی اسپین کے خلاف اپنے پہلے میچ میں اترنے کے لئے تیار ہیں۔ ہر کوئی مثبت محسوس کر رہا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کر رہا ہے۔ ہمارے درمیان اتحاد کا حقیقی احساس ہے جسے دیکھنا بہت دلچسپ ہے۔"
فروری 2022 میں ہندوستان کے لیے ڈیبیو کرنے والے سکھجیت اپنا پہلا ہاکی ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے سب سے بڑے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور ہیڈ کوچ گراہم ریڈ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے گزشتہ ایک سال میں میری پرفارمنس دیکھنے کے بعد مجھے ٹیم کا حصہ بننے کا موقع دیا۔ میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں کیونکہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ نہ صرف کھیل کا سب سے بڑا اسٹیج ہے بلکہ یہ ہمارے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستانی شائقین کے سامنے ہاکی کھیلنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔
سکھجیت نے کہا، "ہم نے سنا ہے کہ رورکیلا میں تمام ٹکٹیں بک چکی ہیں، اس لیے ہمیں معلوم ہے کہ اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہو گا۔ شائقین میں جوش و خروش دیکھ کر بھی اچھا لگتا ہے۔
ہندوستان کو پریمیئر ٹورنامنٹ کے لیے اسپین، انگلینڈ اور ویلز کے ساتھ پول ڈی میں رکھا گیا ہے۔ سکھجیت کا خیال ہے کہ مخالف ٹیمیں سخت ہیں، لیکن گزشتہ ایک سال میں تینوں ٹیموں سے کھیلنے سے ہندوستان کو تیاری میں مدد ملے گی۔