نئی دہلی: بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم کے فارورڈ دلپریت سنگھ کو 2022-23 ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ سیزن کے دوران عالمی چیمپئن جرمنی کے خلاف ان کے اوور ہیڈ شاٹ کے لیے 'پولی گراس میجک اسکل' ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے سیزن 2022-23 کے لیے پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ کے لیے نامزدگی پیر کو جاری کی گئی۔ ووٹنگ کا آخری دن 19 جولائی ہے جبکہ فاتح کا اعلان 21 جولائی کو کیا جائے گا۔ پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ کا فیصلہ ہاکی کے شائقین اس بنیاد پر کرتے ہیں کہ ان کے خیال میں سیزن کے دوران بہترین لمحہ کس کھلاڑی نے پیدا کیا۔
دلپریت نے اپنا یادگار شاٹ مارچ 2023 میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے رورکیلا مرحلے کے دوران کھیلا جب ہندوستانی ٹیم کا سامنا برسا منڈا ہاکی اسٹیڈیم میں جرمنی سے ہوا۔ سکھجیت سنگھ (32ویں، 43ویں منٹ) اور ہرمن پریت سنگھ (30ویں منٹ) کے گول کی بدولت ہندوستان نے میچ 3-2 سے جیتا تھا۔ پہلے کوارٹر کے 11ویں منٹ میں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دائیں فلینک سے ایک شاٹ کھیلا اور دلپریت سنگھ نے اپنے سر کے اوپر سے گیند کو جرمن گول کی طرف موڑ دیا۔ جرمنی کے گول کیپر اے۔ اسٹیڈلر حیرت زدہ رہ گئے اورانہوں نے کسی طرح گیند کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ گرچہ دلپریت گول نہ کرسکے، لیکن ان کی شاندار کارکردگی کو دنیا بھر کے شائقین نے سراہا تھا۔