ہانگزو:پیرا ایشین گیمز 2023 میں بھارتی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایشین گیمز 2023 کی طرح بھارت نے ہفتہ کو پیرا ایشین گیمز میں بھی 100 تمغوں کا ہندسہ عبور کر لیا۔ آج دلیپ مہادھو گویت نے مردوں کے چار سو میٹر T47 مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے 49.48 سیکنڈ کے بہترین رن ٹائم کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔
پہلی بار، بھارتی پیرا دستے نے سو تمغے جیت کر پیرا ایشین گیمز کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اب تک بھارت نے 26 طلائی، 29 چاندی اور 45 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔ بھارت کے پیرا ایتھلیٹس نے ایشیائی کھیلوں میں 100 تمغوں کا سنگ میل عبور کر لیا اور اس کامیابی نے جاری چوتھے ایشین پیرا گیمز کو ملک کے لیے یادگار بنا دیا۔
جکارتہ میں 2018 کے پیرا گیمز میں ملک کے لیے سب سے زیادہ تمغے آئے جس میں 15 طلائی، 24 چاندی اور 33 کانسے سمیت 72 تمغے جیتے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرا ایشین گیمز میں 100 تمغے جیتنے پر ایکس پر پوسٹ کرکے مبارکباد دی۔
- سو تمغے جیتنے پر مودی کی مبارک باد
ایشین پیرا گیمز میں بھارت کی اس اہم کامیابی پر وزیر اعظم مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ''یہ کامیابی ہمارے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ، محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔ یہ شاندار سنگ میل ہمارے دلوں کو بے پناہ فخر سے بھر دیتا ہے۔ میں اپنے کھلاڑیوں، کوچز اور ان کے ساتھ کام کرنے والے ہر فرد کے لیے تعریف اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ جیت ہم سب کو متاثر کرتی ہے۔ یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔''
ان کھیلوں میں بھارت کی کارکردگی کے بارے میں بات کریں تو ہندوستان نے PR3 مکسڈ ڈبلز سکلز میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ مکسڈ ڈبلز جوڑی نے 8:50.71 کے ٹائمنگ کے ساتھ پوڈیم فنش حاصل کیا۔