بھونیشور: بھارت کی انڈر۔ 17 خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ڈینربی نے بدھ کے روز 11 اکتوبر سے منعقد ہونے والے فیفا انڈر۔17 ورلڈ کپ 2022 کے لیے 21 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ بھارت کو گروپ اے میں امریکہ، مراکش اور برازیل کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ اس میں بھارت کا پہلا مقابلہ 11 اکتوبر کو امریکہ سے ہے، اس کے بعد 14 اکتوبر کو مراکش اور 17 اکتوبر کو برازیل سے ہے۔ یہ تینوں میچ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ India announce 21-member squad for FIFA U-17 Women's World Cup
مسٹر ڈینربی نے کہاکہ "یہ سب کے لیے ایک نئی صورتحال ہے۔ بھارت نے پہلے کبھی ورلڈ کپ نہیں کھیلا ہے۔ یہ بالکل مختلف کھیل ہے۔ یہ سب کو دکھانے کا ایک الگ موقع ہے کہ ہم نے پوری تیاری کر رکھی ہے اور ہم کسی کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔ ہر کوئی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہے، لیکن میں نے ٹیم میں بہترین 21 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’جب آپ میدان میں ہوتے ہیں تو سب کچھ پیچھے رہ جاتا ہے اور آپ کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز کرنی ہوتی ہے۔ ان لڑکیوں کو یہی کرنا ہے۔ ‘‘
میدان میں اچھی کارکردگی کو اہم قرار دیتے ہوئے مسٹر ڈینربی نے کہاکہ "کارکردگی ہمارے لیے کلید ہے۔ مجھے امید ہے کہ لڑکیوں پر زیادہ دباؤ نہیں ہوگا اور وہ اعتماد کے ساتھ کھیلیں گی۔ آپ کو ایک ہی وقت میں دباؤ کے بغیر پرفارم کرنا ہوگا۔ یہ ایک بہتر کھیل کھیلنے کا وقت ہے۔‘‘