پانی پت: اولمپک چیمپئن اور اسٹار جیولن تھرور نیرج چوپڑا نے اتوار کو کہا کہ وہ اگلے سال پیرس اولمپکس کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں اور ایک بار پھر میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔ 2018 اور 2023 کے ایشیائی کھیلوں کے چیمپئن نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ نتائج کے بارے میں کبھی فکر مند نہیں ہوتے ہیں، ان کا واحد مقصد بھارت کے سر کو فخر سے بلند کرنا ہے۔
پدم شری اور میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز 25 سالہ نیرج چوپڑا پانی پت میں ایک پروگرام میں بات کر رہے تھے۔ اسی دوران ان سے پیرس 2024 اولمپکس کی تیاری کے بارے میں ایک سوال کیا گیا جس پر نیرج چوپڑا نے کہا کہ میں اس کے لیے اچھی پریکٹس کر رہا ہوں اور میں تمغہ جیتنے کی پوری کوشش کروں گا۔ میں اولمپکس میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ یہ موقع 4 سال میں ایک بار ہی آتا ہے۔