بھونیشور: نیوزی لینڈ اتوار کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں میزبان بھارت کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 5-4 سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2023 سے باہر کر دیا ہے۔ کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی جانب سے للت کمار اپادھیائے، سکھجیت سنگھ اور ورون کمار نے گول کیے۔ نیوزی لینڈ کے گول سیم لین، رسل کین اور شان فائنڈلے نے کئے۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ اور سکھجیت سنگھ نے ایک ایک گول کیا جبکہ راج کمار پال نے دو گول کئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نک ووڈز، فلپس ہیڈن اور سیم لین نے ایک ایک گول اسکور کیا، جبکہ فائنڈلے نے دو گول کرکے کیویز کی جیت پر مہر ثبت کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے بیلجیئم کے خلاف کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ میزبان ہندوستان کوارٹر فائنل کے لیے مقابلہ سے باہر ہے اور اب اس کا مقابلہ 26 جنوری کو 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے میچوں میں جاپان سے ہوگا۔
دنیا میں 12 ویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی سیٹی بجتے ہی اچھی ہاکی کھیلی اور پہلے کوارٹر میں دونوں کیمپوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ہندوستان نے 12ویں منٹ میں پنالٹی کارنر بھی حاصل کیا لیکن 17ویں منٹ میں للت کے فیلڈ گول کے ذریعے پہلی کامیابی حاصل کی۔ میزبان ٹیم نے 21ویں سے 24ویں منٹ تک تین پنالٹی کارنر گنوائے لیکن سکھجیت نے 24ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ہندوستان کی برتری کو دگنا کردیا۔ سیم لین نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے گول کر کے ہندوستان کی برتری کم کر دی۔