میلبورن: پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ تیز گیند باز حارث رؤف کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے بجائے ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔ آفریدی نے ایم سی جی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں رؤف کو بی بی ایل کے بجائے ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔ ان حالات میں روف کے پاس جس طرح کی رفتار ہے، وہ یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے تھے۔
اپنی فاؤنڈیشن سے متعلق کام کے سلسلے میں آسٹریلیا پہنچے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ رفتار میں کمی کی وجہ شاہین کو لگی کوئی چوٹ ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو ذاتی سے زیادہ گہرائی میں جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ شاہین کو چوٹ لگی ہے۔ اگر آپ زخمی ہیں تو آپ فاسٹ بالر کے طور پر نہیں کھیل سکتے۔ وہ اپنی ذمہ داری جانتے ہیں اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ ٹیم کے لیے کتنے اہم ہیں۔ ہم فاسٹ بالر سے زیادہ توقعات کررہے ہیں کیونکہ انہوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بابر، رضوان، شاہین وغیرہ نے اتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کہ ہم ان سے ہر میچ میں کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ کرکٹ میں تسلسل ایک چیلنج ہے۔