بھونیشور: بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کوچ گراہم ریڈ نے ورلڈ کپ 2023 میں بھارت کی مایوس کن کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ہاکی انڈیا نے پیر کو اس کی تصدیق کی اور کہا کہ ریڈ نے ورلڈ کپ کے اختتام کے ایک دن بعد ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ بھارت نے گھریلو سرزمین پر مسلسل دوسری بار مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ میں نواں مقام حاصل کیا تھا۔ دو جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ اپنے پول میں دوسرے نمبر پر رہنے کے بعد ہندوستان نے ایک کراس اوور میچ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کیا جہاں وہ شوٹ آؤٹ میں 4-5 (فل ٹائم 3-3) سے ہار گئے۔ ریڈ کو اپریل 2019 میں ہیڈ کوچ کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے ان کی قیادت میں ٹوکیو اولمپکس 2021 میں کانسی کا تاریخی تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں چاندی کا تمغہ دلانے میں بھی کامیاب رہی تھی۔
ریڈ کے استعفیٰ کے بعد، ٹرکی اور ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولناتھ سنگھ نے ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کھلاڑیوں اور معاون عملے سے ملاقات کی۔ ریڈ کے ساتھ ساتھ تجزیاتی کوچ گریگ کلارک اور سائنسی مشیر مچل ڈیوڈ پیمبرٹن نے بھی اپنے استعفے ٹرکی کے سپرد کئے ۔ تینوں کوچ اگلے تین ماہ تک ہندوستانی ٹیم سے وابستہ رہیں گے۔ ریڈ کے یادگار دور کے آغاز کے دو ماہ بعد ہندوستان نے ایف آئی ایچ سیریز فائنلز کا خطاب جیتا تھ۔ا چند ماہ بعد، ٹیم نے بھونیشور میں منعقدہ کوالیفائرز جیت کر ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی کیا۔