نئی دہلی: گوگل نے اتوار کو آزاد بھارت کے پہلے اولمپک میڈلسٹ خاشابا دادا صاحب جادھو کو ان کی 97 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔
گوگل نے اپنے سرچ انجن پر جادھو کا ڈوڈل لگا کر انہیں یاد کیا۔ بنٹم ویٹ زمرے میں حصہ لینے والے جادھو نے 1952 ہیلسنکی اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ جادھو نے اس سے قبل 1948 میں لندن اولمپکس میں بھی حصہ لیا تھا لیکن میٹ پر تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ چھٹے نمبر پر رہے تھے۔جادھو نے ریاستی اور قومی سطح پر کئی تمغے جیتے ہیں۔ اولمپک تمغہ جیتنے کے بعد ان کی تقرری ممبئی پولیس میں ہوئی۔
انجری کی وجہ سے وہ 1956 کے میلبورن اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ وہ تقریباً 30 سال تک پولیس میں رہے اور 1983 میں مہاراشٹر میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ تاہم جادھو کو پولیس میں خدمات کے باوجود مہاراشٹر کے ستارا شہر میں گھر بنانے کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی بیوی کے زیورات بیچنے پڑے۔ ایک سال بعد 58 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوگیا۔