ممبئی: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ون ڈے میچ میں بھارتی بولرز نے آسٹریلوی ٹیم کی حالت پتلی کردی۔ ٹیم انڈیا کی جان لیوا بولنگ کے سامنے کینگرو بلے بازوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو صرف 35.4 اوورز میں 188 رنز پر ڈھیر کردیا۔ اس اننگز میں آسٹریلوی بلے باز تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے۔ آسٹریلیا کی ناقص بیٹنگ کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ آسٹریلیا کے پانچ بلے باز اس میچ میں دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کے گیند بازوں نے بھی اپنے کپتان کے اس فیصلے کو درست قرار دیا اور دوسرے ہی اوور میں فاسٹ بولر محمد سراج نے ٹریوس ہیڈ کو بولڈ کردیا۔ اس کے بعد مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے آسٹریلیا کی اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو 50 سے آگے لے گئے۔ لیکن 13ویں اوور میں ہندوستان کے کپتان پانڈیا نے آسٹریلیا کے کپتان اسمتھ کو 22 رنز کے ذاتی اسکور پر کے ایل راہول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔