بھوبنیشور: جرمنی نے اتوار کے روز ایف آئي ایچ مرد ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بیلجیئم کو شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن بن گیا۔ بیلجیئم نے ایک مرحلے پر 2-0 کی برتری حاصل کی، لیکن جرمنی نے اپنے حوصلے کی بدولت واپسی کی اور شوٹ آؤٹ میں یہ مقابلہ 5-4 (مکمل وقت 3-3) سے جیت لیا۔ کلنگا اسٹیڈیم میں ہونے والے ایک سنسنی خیز خطابی مقابلے میں دفاعی چیمپئن بیلجیئم نے فلورنٹ ایبل وان (10ویں منٹ) اور ٹنگے کوسائنز (11ویں منٹ) کے گول سے ابتدائی برتری حاصل کی، لیکن جرمنی نے جوابی انداز میں مقابلہ کیا۔ نکلس ویلن نے 29ویں منٹ میں جرمنی کا کھاتہ کھولا جبکہ گونزالو پیلیٹس نے 40ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
میٹس گرمبش نے 47ویں منٹ میں جرمنی کو برتری دلائی لیکن ٹام بون نے 59ویں منٹ میں گول کر کے پھر سے میچ برابر کر دیا اور میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چلا گیا۔ شوٹ آؤٹ میں پہلی پانچ کوششوں کے بعد دونوں ٹیمیں 3-3 سے برابر تھیں۔ جرمنی کو چوتھی اور پانچویں کوشش پر بھی گیند مل گئی لیکن بیلجیئم کی آخری کوشش کو گول کیپر جان پال ڈیننبرگ نے گول پوسٹ کے سامنے روک دیا۔ یہ جرمنی کا تیسرا عالمی خطاب ہے۔ اس سے قبل وہ 2002 اور 2006 میں عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ ساتھ ہی ہالینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آسٹریلوی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔ بھارت نے درجہ بندی کے میچ میں جاپان اور جنوبی افریقہ کو شکست دے کر نویں پوزیشن حاصل کی۔