آئی ایل ٹی ٹی 20 لیگ: سابق بھارتی آل راؤنڈر یوسف پٹھان متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والی انٹرنیشنل لیگ میں دبئی کیپٹلز کی ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ یوسف پٹھان کو دبئی کیپٹلز نے بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ دبئی کیپٹلز نے پٹھان کو اپنا نیا کپتان قرار دے دیا ہے۔ دبئی کیپٹلز نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے روومین پاول دبئی کیپٹلز کی کپتانی کر رہے تھے لیکن روومین کی کپتانی میں ٹیم کو مسلسل شکست کا سامنا تھا۔ یوسف پٹھان انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مسلسل لیگ میں کھیل رہے ہیں۔
دبئی کیپٹلز نے ٹویٹ کر کے بتایا ہے کہ ٹیم کی قیادت اب یوسف پٹھان کریں گے۔ ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ 'یوسف پٹھان اب دبئی کیپٹلز کے نئے کپتان ہوں گے'۔ ساتھ ہی فرنچائز نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ دبئی کیپٹلز کی کپتانی ویسٹ انڈیز کے روومین پاول سے کیوں چھین لی گئی ہے۔ بتا دیں کہ یوسف پٹھان دبئی کیپٹلز کے لیے فنشر کے کردار میں ہیں اور ٹیم کے لیے مسلسل رنز بنا رہے ہیں۔ بھارتی ٹیم کے علاوہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یوسف پٹھان آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔